ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اپنی اننگ کھیل چکا ہوں،پارٹی اورعوام کی خدمت کرتارہوں گا :ہریش راوت

اپنی اننگ کھیل چکا ہوں،پارٹی اورعوام کی خدمت کرتارہوں گا :ہریش راوت

Sun, 07 Jul 2019 23:10:15    S.O. News Service

دہرادون، 7 جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) چار دن پہلے کانگریس جنرل سکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد سینئر کانگریس لیڈر ہریش راوت نے اتوار کو سرگرم سیاست چھوڑنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اننگ کھیل چکے ہیں اور اب اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔گزشتہ تین جولائی کو کانگریس جنرل سکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے اپنے فیصلے کو سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کرنے والے اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی راوت نے اس کی وجہ حال میں لوک سبھا انتخابات میں آسام میں پارٹی کو ملی کراری شکست بتائی۔راوت آسام میں پارٹی امور کے انچارج تھے۔اپنے ٹوئٹ میں راوت نے لکھا تھاکہ میں نے اپنی کمزوری محسوس کی ہے اور سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔یہاں ایک بات چیت میں راوت نے کہا کہ وہ اپنی اننگ کھیل چکے ہیں اور اب اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔انتخابی اعتبار سے راوت کے لیے گزشتہ چند سال اچھے نہیں رہے اور ان کے بیانات کو اسی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے اس بار اتراکھنڈ کی نینی تال لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑا تھا لیکن انہیں بی جے پی ریاستی صدر اجے بھٹ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے پہلے بھی ان کے وزیراعلیٰ رہتے ہوئے 2017 ریاستی اسمبلی انتخابات میں بھی نہ صرف کانگریس محض 11 سیٹوں پر سمٹ گئی، وہ خود بھی دونوں اسمبلی سیٹوں، ہریدوار دیہی اور کچچھا سے انتخاب ہار گئے تھے،تاہم یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ سیاست سے ریٹائرمنٹ لینے کا اشارہ دے رہے ہیں؟ راوت نے اس کا سیدھا جواب نہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور خدمت کرنے کے لئے کسی عہدے کی درکار نہیں ہوتی۔لوک سبھا انتخابات کا نتیجہ آنے کے بعد سے راوت ملک اور ریاست میں جگہ جگہ سفر کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں پوچھے جانے پر راوت نے کہا کہ اس کے ذریعے وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کانگریس کے نقطہ نظر سے لوک سبھا انتخابات میں آخر کیا غلط ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک لیڈر میں اپنے کارکنوں کے لیے متاثر کن خصوصیات ہونی چاہئے اور راہل گاندھی میں یہ خصوصیات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کو یقین ہے کہ اگر راہل گاندھی کانگریس کے صدر بنے رہے تو 2022 میں کئی ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات اور 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں صورت حال تبدیل کی جا سکتی ہے۔


Share: